
رجسٹرڈ
رجسٹرڈ

History of the Institution
حضرت قاری محمداسمٰعیل صاحب ؒ کا شاہکار
مستند تعلیمی ادارہ مدرسہ مرکزی دارالتجوید والقراءت (رجسٹرڈ) قیامِ پاکستان کے بعد 1957ء کو معرض وجود میں آیا۔ حضرت قاری محمد اسمٰعیل صاحبؒ قیامِ پاکستان کے بعد امرتسر (انڈیا) سے تشریف لائے ، پاکستان کے شہر لاہور میں تشریف لانے سے پہلے امرتسر میں تدریس کا کام کرتے رہے۔ لاہور ، راولپنڈی میں مدارس میں تدریس کا کام سرانجام دیتے رہے ، اور آخر کار میوہ منڈی سے موسوم اس مقام پر ایک معتقد نے حضرت کو کچھ مرلے پر مشتمل ایک جگہ مختص کر دی اور مدرسہ کیلئے حضرت قاری صاحب کے نام وقف کر دی ، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے،آمین ۔ تو یوں حضرت قاری محمد اسمٰعیل صاحبؒ نے قرآن پاک کے حفظ ،ناظرہ تجوید و قراءت کا سلسلہ شروع کیا ۔ رفتہ رفتہ تعداد میں اضافہ ہوتا گیا ، طلبہ آتے گئےاور پڑھتے گئے، جس میں صرف وطن عزیز ہی کے طلباء نہیں بلکہ بیرون ممالک جیسے : سوڈان، مشرقی پاکستان یعنی حالیہ بنگلہ دیش سے بھی طلباء اس مدرسہ میں آئے اور حفظ، تجوید و قراءت کی صورت میں تعلیم حاصل کی اور واپس اپنے وطن کو چلے گئے ۔ درس و تدریس کا سلسلہ پورے انہماک کے ساتھ جاری رہا، اور الحمدللہ ثم الحمدللہ آج تک اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قال اللہ اور قال الرسول کی صداؤں کا مرکز ہے۔
حضرت قاری محمد اسمٰعیل صاحب ؒ کے بارے میں کوئی تحریر یا مقالہ اس وقت تک نا مکمل رہتا ہے جب تک یہ اعزاز نہ تحریر کر دیا جائے کہ آپ تجوید و قراءت میں حضرت قاری کریم بخش صاحب ؒ شاہجہانپوری، قاری خدا بخش صاحب ؒ کے شاگرد تھے، نیز حضرت مولانا شاہ عبد الغفور العباسی مدنی ؒ کے خلیفہ مجاز تھے ۔
24 فروری 1981ء کو قاری محمد اسماعیل صاحب ؒ خالقِ حقیقی سے جا ملے، انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ وفات کے بعد آپ کے تین صاحبزادوں نے اس نظام کو سنبھالا کچھ اس طرح:
زیرِ سرپرستی: پروفیسر حضرت قاری محمد امداداللّٰہ صاحب مدظلہُ
مھتمم: حضرت مولانا قاری محمد فداءاللّٰہ صاحب مدظلہُ
ناظم اعلیٰ: حضرت قاری محمد ارشاداللّٰہ صاحب مدظلہُ
ان حضرات نے اپنے والدِ محترم کی وفات کے بعد اس سلسلہ کو جاری رکھا اور اُن کی محنت کو رائیگاں نہ جانے دیا ۔ انتہائی محنت اور مشقت کے ساتھ اس سلسلہ کو جاری رکھا ، 1993ء سے 1995ء کے ان دو سالوں میں مدرسہ مرکزی دارالتجوید و القراءت ایک خستہ حال صورتِ حال سے نکل کر تین تدریسی ہالز، دفترِاہتمام،لائبریری، مطبخ ، رہائش گاہوں پر مشتمل ایک بلند خوبصورت عمارت کی شکل اختیار کر چکا تھا، اور یہ ثواب اللہ تعالیٰ نے راوی روڈ پر موجود نواب کلینک کی ڈاکٹر فہمیدہ صاحبہ کے حق میں مقرر کیا تھا ، جن کے تعاون سے مدرسہ خوبصورت عمارت کی شکل اختیار کر گیا ، اللہ تعالیٰ ان محترمہ کو دنیا و آخرت میں بے پناہ اجر و ثواب سے نوازے ، آمین۔ اور حضرت قاری محمد اسمٰعیل صاحب ؒ کے لگائے ہوئے اس پودے میں تینوں صاحبزادوں کی بے پناہ محنت کی بدولت مدرسہ میں تاحال قال اللہ اور قال الرسول کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں ۔ اور انشاء اللہ تا قیامِ قیامت بلند ہوتی رہیں گی۔
اللہ تبارک وتعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ حضرت قاری محمد اسماعیل صاحبؒ اور ان کے رفقاء کی مغفرت فرمائے ، اور ان کی اولاد کو بے پناہ اجر و ثواب عطا فرمائے جس کے وہ مستحق ہیں ۔آمین
اَلصِّدْقُ یُنْجِیْ وَالْکَذِبَ یُھْلِکْ
وَمَا عَلَیْنَا اِلَّاالْبَلَاغْ